سام سنگ نے بالآخر اپنے طویل عرصے سے زیرِ بحث ٹرائی فولڈ اسمارٹ فون کی پہلی جھلک پیش کر دی ہے۔
یہ نیا اور انقلابی فون کے ٹیک شو کیس 2025 میں نمائش کے لیے رکھا گیا، جہاں اسے ایک شیشے کے باکس میں عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔ اگرچہ یہ پروٹو ٹائپ ماڈل باضابطہ طور پر لانچ نہیں کیا گیا تاہم سام سنگ کے اسٹال پر یہ توجہ کا مرکز بنا رہا۔
نمائش میں موجود افراد کو فون کو چھونے یا آزمانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ کمپنی نے ابھی تک اس ڈیوائس کا باضابطہ نام بھی ظاہر نہیں کیا۔
جنوبی کوریا کے میڈیا ادارے چوسن میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں فون کو بند اور مکمل طور پر کھلے دونوں انداز میں دکھایا گیا ہے۔
یہ فون دو ہنجز کے ذریعے 6پوائنٹ 5 انچ کی کمپیکٹ شکل سے کھل کر 10 انچ کے ٹیبلٹ نما ڈسپلے میں تبدیل ہو جاتا ہے، جو ڈسپلے کے لحاظ سے ہواوے میٹ ایکس ٹی الٹی میٹ سے مشابہت رکھتا ہے۔
اگرچہ اس ڈیوائس نے شو کیس میں غیر معمولی توجہ حاصل کی لیکن سام سنگ نے فی الحال اس کے تکنیکی فیچرز یا کارکردگی سے متعلق کوئی نئی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ڈیوائس رواں سال کے آخر تک گیلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ یا گیلیکسی جی فولڈ کے عارضی نام سے متعارف کرائی جا سکتی ہے۔ ابتدا میں صرف 50 ہزار یونٹس کی محدود پیداوار کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
افواہوں کے مطابق اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ پروسیسر، تین پچھلے کیمروں کا سیٹ اپ اور تقریباً 298 گرام وزن ہوگا۔
اس کی متوقع قیمت تقریباً 2800 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے اور یہ ابتدائی طور پر جنوبی کوریا، امریکہ، چین اور متحدہ عرب امارات میں دستیاب ہوگا۔
سام سنگ نے تاحال اس ڈیوائس کی باضابطہ لانچ تاریخ یا حتمی فیچرز کی تصدیق نہیں کی تاہم کمپنی کی جانب سے آئندہ چند ماہ میں مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








