پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم آج کے مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے سیریز ایک ایک سے برابر کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
آج کے میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں جبکہ دونوں ٹیموں نے قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور مشقیں کیں۔ کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بیٹنگ اور باؤلنگ کے خصوصی سیشنز میں حصہ لیا تاکہ پہلے میچ میں ہونے والی خامیوں کو دور کیا جا سکے۔
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 25 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں جنوبی افریقہ نے 13 اور پاکستان نے 12 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے آج کا میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب نے 37، صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز بنائے جبکہ کپتان سلمان علی آغا محض 2 اور حسن نواز 3 رنز بنا سکے۔ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔
ریزا ہینڈرکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جارج لنڈے نے 36 رنز بنائے جبکہ ٹونی ڈے زورزی نے 16 گیندوں پر 33 تیز رفتار رنز جوڑے۔
کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد آج کے میچ کے لیے لاہور پہنچ چکی ہے اور قذافی اسٹیڈیم ایک بار پھر شائقین سے کھچا کھچ بھرا نظر آئے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








