بالی ووڈ اداکارہ مہیما چودھری اور اداکار سنجے مشرا کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت آخرکار سامنے آ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شادی دراصل سنجے مشرا کی نہیں بلکہ ان کی نئی فلم دُرلبھ پرساد کی دوسری شادی کی کہانی کا ایک حصہ ہے۔
گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر مہیما چودھری، جو فلموں پردیس، دھڑکن اور ایمرجنسی سے شہرت حاصل کر چکی ہیں اور اداکار سنجے مشرا کی مبینہ شادی کی ویڈیوز وائرل ہو رہی تھیں۔
ان ویڈیوز میں دونوں اداکار شادی کے لباس میں دکھائی دیے، جس کے بعد مداحوں نے یہ قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ مہیما نے برسوں بعد دوبارہ شادی کر لی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو دراصل ان کی آنے والی فلم دُرلبھ پرساد کی دوسری شادی کی تشہیری مہم کا حصہ ہے جس کی ہدایتکاری سدھانت راج نے کی ہے۔ فلم میں دیویتا جونیجا، پرتیک کامانی اور آشوتوش رانا بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مداحوں میں شدید تجسس پیدا ہو گیا تھا مگر اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ یہ سب ایک فلمی منظر کا حصہ تھا نہ کہ کسی حقیقی شادی کا واقعہ۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مہیما چودھری کی ذاتی زندگی ہمیشہ میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ انہوں نے 2006 میں بھارتی آرکیٹیکٹ اور بزنس مین بوبی مکھرجی سے شادی کی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی آرِیانا 2007 میں پیدا ہوئی تاہم ازدواجی اختلافات کے باعث یہ جوڑا 2013 میں علیحدہ ہو گیا۔
ایک انٹرویو میں مہیما نے انکشاف کیا تھا کہ علیحدگی کے دوران ماں اور پیشہ ورانہ زندگی میں توازن برقرار رکھنا ان کے لیے بے حد مشکل تھا، اور علیحدگی سے قبل انہیں دو اسقاطِ حمل جیسے کٹھن تجربات سے بھی گزرنا پڑا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








