شہر قائد میں مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 7ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں سے چار زخمی حالت میں پولیس کی حراست میں ہیں۔
پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران متعدد اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے بروہی چوک کے قریب پولیس مقابلے میں ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت سونو کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول، نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی۔
دوسری کارروائی میں الفلاح پولیس نے ملیر کالا پل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جن میں سے ایک زخمی ہوا۔
زخمی ملزم کی شناخت خالد جبکہ دوسرے کی عامر علی کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ان کے قبضے سے بھی اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی۔
جمشید کوارٹرز کے علاقے جہانگیر روڈ پر ہونے والے ایک اور مبینہ مقابلے میں پولیس نے زخمی حالت میں ایک ڈاکو بہادر کو گرفتار کیا جبکہ اس کا ساتھی شعیب بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
اسی طرح کورنگی میں غریب نواز چیک پوسٹ کے قریب ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں اور گرفتار ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ جرائم کے خاتمے میں مدد مل سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








