ملک بھر میں ایک دن کی معمولی کمی کے بعد سونے کی قیمت میں دوبارہ نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کے روز فی تولہ سونا 5 ہزار 300 روپے کے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 24 ہزار 162 روپے تک پہنچ گیا جبکہ دس گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 544 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 63 ہزار 650 روپے ہو گئی۔
بین الاقوامی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جہاں فی اونس سونا 53 ڈالر کے اضافے سے 4 ہزار 18 ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسی طرح چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 158 روپے بڑھ کر 5 ہزار 192 روپے فی تولہ ہو گئی۔ایک روز قبل جمعرات کو سونے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی تھی۔

ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 24 قیراط سونا 1 ہزار روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 18 ہزار 862 روپے فی تولہ پر فروخت ہوا تھا جبکہ دس گرام سونا 857 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 59 ہزار 106 روپے کا ہو گیا تھا۔
اسی طرح 22 قیراط سونا 678 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 29 ہزار 300 روپے فی دس گرام پر دستیاب تھا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان میں مقامی مارکیٹ پر بین الاقوامی رجحانات کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر میں کمی بھی براہِ راست اثر انداز ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے سونا دوبارہ تاریخی سطحوں کے قریب پہنچ گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








