سابق وزیرِاعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کو ہفتہ کے روز دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوری طور پر ان کے آبائی شہر مری کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے ان کے دل میں دو اسٹنٹ ڈالے ہیں جس کے بعد ان کی حالت کو اب تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شاہد خاقان عباسی کا آپریشن کامیاب رہا اور اب وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹرز نے انہیں چند دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔ عوامی و سیاسی حلقوں کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی رہنما بھی مختلف بیماریوں کے باعث اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کو سینے میں انفیکشن کے باعث جناح اسپتال لاہور منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق رپورٹوں کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں مزید زیرِ علاج رکھا جائے یا دوبارہ جیل منتقل کیا جائے۔
اسی طرح پی ٹی آئی کے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ بھی انفیکشن کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ پارٹی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہور میں داخل کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








