کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے وصی اللہ لاکھو گینگ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت محمد اسماعیل عرف ٹمبا کے نام سے ہوئی ہے جو طویل عرصے سے مختلف سنگین جرائم میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ محمد اسماعیل نے 2005 میں ایم کیو ایم لندن میں شمولیت اختیار کی تھی اور بعدازاں لیاری گینگ وار کا سرگرم رکن بن گیا۔
ملزم نے دورانِ تفتیش شہر میں لسانی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم اب تک 50 سے زائد ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث رہا ہے جبکہ اس نے وصی اللہ لاکھو، رضوان موٹا، تاجو اور دیگر خطرناک گینگز کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرنے کا انکشاف کیا۔
رینجرز کے مطابق اسماعیل عرف ٹمبا پولیس مقابلوں، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں بھی ملوث رہا ہے۔
کراچی آپریشن کے دوران وہ طویل عرصہ خفیہ طور پر روپوش رہا تاہم خفیہ اطلاعات پر کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق لیاری گینگ وار کے پرانے کارندوں کی گرفتاری سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور باقی ماندہ نیٹ ورک کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








