بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع ایروڈ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 35 سالہ خاتون کو اس کے مبینہ محبوب نے شادی کے اصرار پر قتل کر کے دفنا دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ سونیا چند روز قبل لاپتا ہوئی تھی، جس کی لاش بعد ازاں ایک کیلے کے باغ سے برآمد کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ مقامی افراد گوبی چیٹی پلے یم قصبے کے قریب کھیتوں میں بارش کے بعد جنگلی کھمبیاں چننے گئے تھے جہاں انہیں مٹی میں سے بالوں کے کچھ تار اور خون آلود چاقو نظر آیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تین فٹ گہرا گڑھا کھودا تو اندر سے ایک خاتون کی لاش ملی۔ بعد ازاں شناخت سونیا کے نام سے ہوئی جو اپاکوڈل قصبے کی رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے بیوٹیشن تھی۔ وہ 2 نومبر سے لاپتا تھی۔
اہل خانہ کے مطابق جب وہ کام سے واپس نہ لوٹی تو گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی۔ سونیا دو سال قبل بیوہ ہوچکی تھی اور اپنی والدہ، ایک بیٹے اور ایک بیٹی کے ساتھ رہتی تھی۔
Tamil Nadu Man Murders Partner. She Kept Asking Him To Marry Her https://t.co/f3BROAs7LC pic.twitter.com/Hl2raTkpxy
— NDTV (@ndtv) November 3, 2025
تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتولہ کے موبائل فون ریکارڈ سے اس کا تعلق 27 سالہ موہن کمار سے دریافت کیا، جو بی کام گریجویٹ اور اسی باغ کا مالک تھا جہاں سے لاش ملی۔
پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان دو سال قبل ایک گارمنٹس فیکٹری میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں سے تعلقات قائم ہوئے۔ سونیا اکثر موہن سے شادی کا مطالبہ کرتی تھی جس پر دونوں میں جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
واقعے کے دن موہن نے اپنے باغ میں پہلے سے گڑھا کھود رکھا تھا اور شام کے وقت سونیا کو وہاں بلایا۔ کچھ دیر ساتھ رہنے کے بعد اس نے پتھر سے خاتون پر حملہ کیا اور پھر چھری سے اس کی گردن کاٹ کر قتل کر دیا۔
بعد ازاں لاش کو گڑھے میں دفنا دیا اور مقتولہ کے موبائل فون اور کپڑے بھوانی نہر کے قریب پھینک دیے۔
پولیس کے مطابق اگلی صبح موہن دوبارہ جائے وقوعہ پر آیا اور پوچھ گچھ کے دوران لاعلمی ظاہر کرتا رہا تاہم شواہد اور فون ڈیٹا کی بنیاد پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
سیروالور پولیس اسٹیشن کے افسران نے ریونیو عملے اور پیروندرائی گورنمنٹ میڈیکل کالج کی ٹیم کے ساتھ موقع کا معائنہ کیا اور پوسٹ مارٹم مکمل کیا۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








