کراچی میں ٹریفک کی نگرانی کے لیے جدید کیمرے فعال ہو چکے ہیں، جن کے ذریعے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف خودکار کارروائی کی جا رہی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان مقامات پر خصوصی احتیاط برتیں جہاں کیمرے نصب ہیں کیونکہ معمولی غفلت بھی ای چالان کی صورت میں بھاری جرمانے کا باعث بن سکتی ہے۔
البتہ بہتر یہی ہے کہ شہری ہر حال میں احتیاط سے ڈرائیو کریں کیونکہ قانون کی پاسداری ہی حادثات اور ٹریفک مسائل کے خاتمے کی اصل ضمانت ہے۔
شہر بھر میں رفتار کی نگرانی کے لیے جدید ترین ٹریفک مانیٹرنگ کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ تیز رفتاری، سگنل توڑنے، غلط سمت میں گاڑی چلانے، ہیلمٹ نہ پہننے یا سیٹ بیلٹ نہ باندھنے جیسے قوانین کی فوری نشاندہی ہو سکے۔
یہ خودکار نظام فی الحال کراچی کے 40 فیصد حصے میں فعال ہے، جہاں مجموعی طور پر 1717 کیمرے کام کر رہے ہیں۔ ضلع جنوبی میں یہ نظام مکمل طور پر فعال ہے جبکہ شارع فیصل سمیت دیگر اہم شاہراہیں بھی اس نگرانی کے دائرے میں شامل ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ملیر، کورنگی، مشرقی، کیماڑی اور ضلع وسطی میں ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ خلاف ورزیوں کا ریکارڈ فوری طور پر ڈیجیٹل نظام میں محفوظ ہو جاتا ہے اور گاڑی کے رجسٹرڈ پتے پر چالان بھجوایا جاتا ہے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ نہ صرف جرمانوں سے بچ سکیں بلکہ شہر میں ٹریفک کے مجموعی نظام کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








