کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک 18 سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، پولیس نے جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
یہ افسوسناک واقعہ اتحاد ٹاؤن کے علاقے نواب کالونی 20 نمبر اسٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں تین مسلح ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور نوجوان کو لوٹنے کی کوشش کی۔
عینی شاہدین کے مطابق مقتول نوجوان افتخار نے ڈاکوؤں کو مزاحمت کی، جس پر ایک ڈاکو نے فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے افتخار شدید زخمی ہو گیا اور اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ڈسٹرکٹ کیماڑی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس فیضان علی کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025 کے دوران کراچی میں اب تک 75 افراد اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کے دوران جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی وارداتوں نے زندگی کو غیر محفوظ بنا دیا ہے جبکہ پولیس حکام مسلسل اس بات کا اعادہ کر رہے ہیں کہ وہ مجرموں کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








