پاکستانی اداکار زاہد احمد نے سوشل میڈیا صارفین کے بارے میں اپنے ایک حالیہ بیان پر ہونے والی تنقید کے بعد معافی مانگتے ہوئے وضاحت جاری کر دی ہے۔ زاہد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران سوشل میڈیا کو شیطان کی ایجاد اور سب سے نقصان دہ ایجاد قرار دیا تھا۔
اداکار زاہد احمد نے کہا تھا کہ جو لوگ اپنی نجی زندگیوں کو سوشل میڈیا پر دکھاتے ہیں وہ اسلامی اقدار کے خلاف جا رہے ہیں اور انہیں آخرت میں سخت سزا ملے گی اور وہ سب جہنمی ہونگے۔
اداکار زاہد احمد کے بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر ان پر شدید تنقید کی گئی۔ کئی مشہور شخصیات اور انفلوئنسرز جیسے عدنان ظفر (کین ڈول) نے ان کے بیان کو دوہرے معیار قرار دیا۔
تنقید کے بعد زاہد احمد نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ کو غلط سمجھا گیا۔ انہوں نے وضاحت دی کہ ان کا اشارہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے تخلیق کاروں کی طرف تھا نہ کہ ان افراد کی طرف جو ان پر مواد بناتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جذبات میں آ کر سخت الفاظ استعمال کیے اور ایسا کرنا ان کی غلطی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے جنت یا جہنم جانے کا فیصلہ کرنا صرف خدا کا حق ہے کسی انسان کو ایسا حق نہیں ہے۔
زاہد احمد نے کہا کہ چونکہ نوجوان ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اس لیے ان کے لیے ضروری تھا کہ وہ اپنی بات درست اور واضح انداز میں بیان کریں۔اداکار نے اپنے سخت موقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کو برا کہنا نہیں بلکہ سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں پر توجہ دلانا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








