موسم کی تبدیلی کے ساتھ کھانسی، گلے کی خراش اور سوزش کی شکایات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جو ہر عمر کے افراد کو متاثر کرتی ہیں۔
موسمی تبدیلیوں کے دوران کھانسی عموماً الرجی، وائرل یا بیکٹیریا سے پیدا ہونے والے انفیکشن کی وجہ سے ہوتی ہے۔
کھانسی دراصل جسم کا ایک قدرتی ردعمل ہے جو گلے میں جمع رطوبت (بلغم)، گردوغبار اور دیگر ذرات کو صاف کرنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم اگر کھانسی مسلسل رہنے لگے تو یہ کسی اندرونی بیماری کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔
بعض صورتوں میں معدے کی تیزابیت (ایسڈ ریفلکس) بھی کھانسی کا باعث بن سکتی ہے۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ موسمی الرجی، نزلہ یا ہلکے وائرل انفیکشن کی وجہ سے ہونے والی کھانسی کا علاج عموماً گھر پر ہی مؤثر طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔ ذیل میں چند آزمودہ گھریلو ٹوٹکے پیش کیے جا رہے ہیں:
شہد
شہد صدیوں سے گلے کی خراش اور سوزش کو کم کرنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔ سائنسی تحقیق سے بھی ثابت ہوا ہے کہ شہد کئی دواؤں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر طور پر کھانسی میں آرام دیتا ہے۔
ایک سے دو چائے کے چمچ شہد کو نیم گرم پانی اور چند قطرے لیموں کے ساتھ ملا کر پینا فائدہ مند ہے۔ اس سے گلا نرم ہوتا ہے اور بلغم صاف ہونے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے علاوہ صرف دو چائے کے چمچ خالص شہد لینا بھی راحت دیتا ہے۔
پودینہ
پودینہ میں موجود “مینتھول” گلے کو سکون دیتا ہے اور سانس کی نالیوں کو کھولتا ہے، جس سے کھانسی میں کمی آتی ہے۔
پودینے کی چائے پینا فوری افاقہ دیتا ہے۔
ادرک
تحقیقات کے مطابق ادرک میں موجود قدرتی اجزاء سانس کی نالی کے پٹھوں کو آرام دیتے ہیں اور سانس لینے میں آسانی پیدا کرتے ہیں۔
ادرک کی چائے گلے کی خراش اور بلغم کے اخراج میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
ہلدی
ہلدی صدیوں سے طبِ یونانی اور آیوروید میں استعمال ہو رہی ہے۔ یہ اپنی اینٹی انفلامیٹری خصوصیات کے باعث کھانسی کے لیے بہترین دوا ہے۔
ہلدی کو گرم دودھ یا چائے میں ملا کر پیا جا سکتا ہے۔ اگر اس میں ایک چٹکی کالی مرچ اور تھوڑا سا شہد شامل کیا جائے تو اس کا اثر دوگنا ہو جاتا ہے۔
گرم مشروبات
گرم پانی یا چائے پینے سے گلے کی خراش اور کھانسی میں فوری آرام ملتا ہے کیونکہ یہ بلغم کو نرم کرکے خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔
زیادہ پانی پینا
زیادہ پانی پینے سے گلا نم رہتا ہے اور بلغم گاڑھا نہیں ہوتا، جس سے کھانسی میں کمی آتی ہے۔
بھاپ لینا
بھاپ لینا سانس کی نالیوں کو نمی پہنچا کر کھانسی میں فوری آرام دیتا ہے۔
نمک کے پانی سے غرارے
نمک والے نیم گرم پانی سے غرارے گلے کی جلن اور کھانسی میں پرانا آزمودہ علاج ہے۔ یہ بلغم کو پتلا کر کے گلے کو صاف کرتے ہیں۔
کھانسی کی گولیاں
مینتھول والے لاجینجز یا کھانسی کی گولیاں وقتی طور پر گلے کو سکون دیتی ہیں اور سانس کی نالی کو کھولتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








