میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے! عدالتی حکم پر رانو کراچی سے اسلام آباد روانہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی چڑیا گھر میں مبینہ غفلت اور ناقص دیکھ بھال کے باعث مادہ ریچھ رانو کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر سی-130 طیارے کے ذریعے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد وائلڈ لائف ریسکیو اینڈ ری ہیبیلیٹیشن سینٹر کے ترجمان کے مطابق رانو کی آمد پر حکام نے اسے خوش آمدید کہا اور بتایا کہ منتقلی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ اب رانو کی جسمانی اور ذہنی حالت کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا تاکہ اس کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق بحالی کے دوسرے مرحلے میں رانو کو گلگت بلتستان کے جنگلات میں اس کے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا جائے گا۔ محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جنگلی جانوروں کی فلاح اور انہیں قدرتی مسکن میں واپس لانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

واضح رہے کہ رانو کی منتقلی سے متعلق کیس میں درخواست گزار جوڈ ایلن نے سندھ ہائی کورٹ میں ایک مشاہداتی رپورٹ جمع کرائی تھی، جس میں کراچی چڑیا گھر میں جانور کی دیکھ بھال میں سنگین کوتاہیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق رانو کے پنجروں میں صفائی کے مناسب انتظامات نہیں تھے، صاف پانی دستیاب نہیں تھا اور وہ ٹھیک طرح سے خوراک بھی نہیں کھا پا رہی تھی۔ معائنے میں اس کے سر پر تین زخموں کے نشانات بھی پائے گئے جن کے لیے فوری طبی امداد درکار تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کے ایم سی حکام نے عدالت میں دو مرتبہ بیان دیا تھا کہ رانو کی صحت مکمل طور پر ٹھیک ہے مگر آزادانہ معائنے نے اس کے برعکس صورتحال کو بے نقاب کر دیا۔

Related Posts