امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے پہلی بار لیپ ٹاپ مارکیٹ کے نچلے درجے میں قدم رکھنے کی تیاری کر لی ہے جس کا مقصد ان صارفین کو متوجہ کرنا ہے جو عام طور پر کروم بک یا ابتدائی سطح کے ونڈوز لیپ ٹاپ خریدتے ہیں۔
بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی ایک نیا اور نسبتاً سستا میک لیپ ٹاپ تیار کر رہی ہے جو عام صارفین، طلبہ اور دفتری کام کرنے والوں کے لیے بنایا جا رہا ہے۔
یہ نیا میک خاص طور پر اُن افراد کے لیے ڈیزائن کیا جا رہا ہے جو ویب براؤزنگ، ایڈیٹنگ یا ہلکے میڈیا کے استعمال جیسی بنیادی ضروریات رکھتے ہیں۔ کمپنی کا ہدف ان صارفین کو بھی اپنی جانب متوجہ کرنا ہے جو آئی پیڈ کے بجائے روایتی کی بورڈ اور ٹریک پیڈ والے کمپیوٹر کو ترجیح دیتے ہیں۔
نیا ڈیزائن اور کم لاگت والے پرزے
رپورٹ کے مطابق اس نئے لیپ ٹاپ کا کوڈ نام جے سیون ہنڈرڈ رکھا گیا ہے۔ یہ پروڈکٹ فی الحال ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے اور بیرونِ ملک موجود سپلائرز کے ساتھ اس کی ابتدائی تیاری شروع ہو چکی ہے۔
ایپل اسے آئندہ سال کی پہلی ششماہی میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔م قیمت برقرار رکھنے کے لیے کمپنی اس میں نسبتاً سادے اور سستے پرزے استعمال کرے گی۔
ایپل ہمیشہ سے اعلیٰ معیار کے مہنگے آلات بنانے پر توجہ دیتی رہی ہے لیکن یہ نیا ماڈل کمپنی کا پہلا سستا میک ہوگا جس کی قیمت ایک ہزار ڈالر سے کم رکھی جانے کا امکان ہے جو تقریباً چھ سو ڈالر کے قریب ہوگی۔
یہ قیمت ان کروم بُکس اور آئی پیڈ کی بورڈ بَنڈلز کے مساوی ہوگی جو تعلیمی اداروں اور عام صارفین میں مقبول ہیں۔
اگرچہ ماضی میں ایم ون میک بک ایئر بعض ریٹیلرز جیسے وال مارٹ پر رعایتی قیمت پر فروخت کیا گیا مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا ماڈل کسی پرانے ڈیزائن کی نقل نہیں بلکہ بالکل نیا ڈیزائن ہے جسے شروع سے ہی کم لاگت میں تیار کیا جا رہا ہے۔
کروم بک اور ونڈوز لیپ ٹاپس
یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا جا رہا ہے جب کروم بُک تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور مائیکروسافٹ کے ونڈوز 11 کی تبدیلی کے باعث کئی صارفین پرانے سسٹمز سے محروم ہو گئے ہیں۔ ایپل اس موقع کو غنیمت جان کر اپنا مستحکم متبادل پیش کرنا چاہتا ہے۔
آئی ڈی سی کے مطابق ایپل اس وقت عالمی کمپیوٹر مارکیٹ میں چوتھے نمبر پر ہے اور اس کا حصہ تقریباً نو فیصد ہے۔ کمپنی کے آگے لینوو، ایچ پی اور ڈیل جیسے برانڈز موجود ہیں جو سستے لیپ ٹاپس اور کروم بُکس فروخت کرتے ہیں
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








