ہیلمٹ نہ پہننے پر 60 لاکھ روپے چالان! جانیں یہ واقعہ کہاں، کب اور کیسے پیش آیا

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران اور مقامی پولیس کو شرمندہ کر دیا۔ یہاں ایک موٹرسائیکل سوار شہری کا 20 لاکھ 74 ہزار بھارتی روپے (تقریباً 60 لاکھ پاکستانی روپے) کا چالان جاری کر دیا گیا۔

واقعہ 4 نومبر کو مظفر نگر کی نئی منڈی پولیس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا۔ شہری انمول کو جاری چالان میں لکھا گیا تھا کہ ہیلمٹ نہ پہننے اور ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے شہری کی موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی۔

چالان کی تصویر سوشل میڈیا پر آنے کے بعد یہ پوسٹ وائرل ہوگئی اور لوگوں نے سوال اٹھایا کہ معمولی خلاف ورزی پر اتنی بھاری رقم کیسے لگائی گئی۔

بعد ازاں مظفر نگر پولیس کے اعلیٰ حکام نے وضاحت دی کہ یہ رقم کمپیوٹر سسٹم میں ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے ظاہر ہوئی۔ سب انسپکٹر کو اصل میں موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 207 کے تحت کارروائی کرنی تھی جس میں زیادہ سے زیادہ جرمانہ 4,000 روپے ہو سکتا تھا لیکن غلطی سے 207 نمبر جرمانے کو رقم کے خانہ میں ڈال دیا گیا جس سے چالان 20 لاکھ روپے میں بدل گیا۔

ایس پی ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سب انسپکٹر گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے اور اس واقعے کے بعد غلطی درست کر دی گئی ہے۔ اب اصل جرمانہ صرف 4,000 روپے ہے اور گاڑی ضبط کی گئی ہے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر ہنسی مذاق اور حیرت کا باعث بنا اور لوگوں نے اسے بھارت کا سب سے مہنگا چالان قرار دیا۔

Related Posts