بومی آپ کا ہر کام کرے گا با آسانی اور تھکے گا بھی نہیں! چائنا نے انتہائی سستا روبوٹ متعارف کروا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بیجنگ کی کمپنی نوٹکس روبوٹکس (Noetix Robotics) نے اپنے نئے ہومینوئیڈ روبوٹ بومی (Bumi) کو پیش کیا ہے جس کی قیمت صرف 1,370 ڈالر رکھی گئی ہے یعنی اب روبوٹ گھر، اسکول یا تربیتی مقاصد کے لیے لینا کوئی خواب نہیں رہا۔ کمپنی کے مطابق بومی کی پری آرڈر بکنگ رواں سال کے آخر میں شروع ہوگی۔

نوٹکس روبوٹکس اس سے پہلے بھی اپنے N2 ماڈل کے ذریعے شہرت حاصل کر چکی ہے جس کے لیے 2,500 سے زائد آرڈرز موصول ہوئے تھے۔

بومی کیا کچھ کر سکتا ہے؟

بومی ایک ہلکا پھلکا انسان نما روبوٹ ہے جو جدید کمپوزٹ مٹیریل سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی اونچائی تقریباً ساڑھے تین فٹ اور وزن تقریباً 12 کلوگرام ہے۔

یہ روبوٹ تعلیمی اداروں اور گھریلو ماحول میں استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

48 وولٹ کی بیٹری سے چلنے والا بومی کئی گھنٹے مسلسل کام کر سکتا ہے۔

یہ روبوٹ ڈریگ اینڈ ڈراپ پروگرامنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے، یعنی صارف آسانی سے مختلف حرکات اور کاموں کی پروگرامنگ خود بنا سکتے ہیں۔

بومی میں وائس کمانڈ (آواز سے بات چیت) کی صلاحیت بھی موجود ہے جس کی بدولت یہ گھریلو مددگار، تعلیمی سرگرمیوں یا پروگرامنگ سیکھنے کے لیے بہترین ٹول بن سکتا ہے۔

یہ روبوٹ دو پیروں پر چل سکتا ہے، ڈانس بھی کر سکتا ہے اور اس کی آنکھوں میں لگی کیمرہ سسٹم مسلسل اردگرد کا جائزہ لیتا رہتا ہے۔

مثال کے طور پر اگر اسے سڑک پار کرنے کا حکم دیا جائے تو یہ پہلے ٹریفک کو اسکین کرے گا اور پھر محفوظ ہونے پر آگے بڑھے گا۔

نوٹکس روبوٹکس کا بومی اس بات کا ثبوت ہے کہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس اب صرف بڑی کمپنیوں یا امیر افراد کے لیے نہیں رہی۔

اب عام صارف بھی ایک ایسا روبوٹ گھر لا سکتا ہے جو بات بھی کرے، چلے بھی، سکھائے بھی، اور مدد بھی کرے۔

Related Posts