کراچی سے متعلق بیانات کے جواب میں ماہرہ خان نے نہایت محبت بھرا اور دل کو لگنے والا ردِعمل دیا جس نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔انہوں نے کراچی کو ماں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر سب کو اپنے دامن میں جگہ دیتا ہے مگر لوگ اس کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں۔
فلم نیلوفر کی پروموشن کے لیے کراچی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں فواد خان اور ماہرہ خان ایک ساتھ شریک ہوئے۔ اسی دوران ایک صحافی نے ماہرہ خان سے پوچھا کہ کچھ لوگ کراچی آنے سے گھبراتے ہیں آپ اپنے شہر کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گی؟
ماہرہ خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کراچی ان کا جنم شہر ہے، وہیں پلی بڑھی ہیں اور یہی شہر ان کی زندگی کا سب سے اہم حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص اپنے شہر سے اس لیے جڑا ہوتا ہے کہ اس کی ساری یادیں وہیں ہوتی ہیں۔ کراچی ان کے لیے وہ جگہ ہے جہاں ان کے والدین، بزرگ اور بچپن کی کہانیاں سانس لیتی ہیں، اس لیے یہ شہر ان کے دل کے بہت قریب ہے۔
انہوں نے کراچی کو ماں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر سب کو اپنے دامن میں جگہ دیتا ہے۔ لوگ یہاں سے فائدے بھی اٹھاتے ہیں اور کبھی کبھی اس کے ساتھ برا سلوک بھی کرتے ہیں مگر کراچی پھر بھی سب کو معاف کر دیتا ہے اور خوش دلی سے واپس قبول کر لیتا ہے یہی اس کی سب سے بڑی خوبصورتی ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اداکارہ صبا قمر نے کراچی کے بارے میں ایک ایسا بیان دیا تھا جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کراچی میں رہنا پسند کریں گی تو انہوں نے کہا کہ انہیں کراچی پسند نہیں اور وہ اسلام آباد یا لاہور کو ترجیح دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان اور فواد خان کی فلم نیلوفر 28 نومبر 2025 کو عالمی سطح پر ریلیز ہوگی۔ اس فلم میں ان دونوں کے ساتھ مدیحہ امام، بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، سمیعہ ممتاز، نوید شہزاد، فیصل قریشی اور گوہر رشید بھی شامل ہیں۔ شائقین اس جوڑی کو طویل عرصے بعد دوبارہ سنیما اسکرین پر ساتھ دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








