لاہور: پنجاب کے محکمہ تعلیم نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں فوری طور پر سیکورٹی سخت کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
اس ہدایت نامے کے مطابق ہر تعلیمی ادارے کو مقررہ سیکورٹی پروٹوکول پر مکمل عمل کرنا لازمی ہوگا اور اسکول کے سربراہان طلباء اور عملے کی حفاظت کے لیے مکمل ذمہ دار ہوں گے۔
محکمہ تعلیم نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کا جامع سیکورٹی آڈٹ بغیر کسی تاخیر کے کیا جائے اور معائنہ کے دوران سامنے آنے والی کسی بھی کمزوری کو فوری طور پر دور کیا جائے۔
اس کے علاوہ فیلڈ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ اسکولوں کا دورہ کریں اور سیکورٹی اقدامات کی پابندی کو یقینی بنائیں۔
خصوصی ہدایات دانش اسکولز اور کیڈٹ کالجوں کے پرنسپلز کو بھی بھیجی گئی ہیں جس میں سخت نگرانی اور حفاظتی اقدامات کی مکمل تعمیل کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








