کراچی میں 3 سال سے بغیر دستاویز چلنے والا غیر قانونی ڈمپر ضبط

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi police seize unregistered dumper operating without documents for last 3 years
ONLINE

کراچی ٹریفک پولیس نے تین سال سے بغیر کسی قانونی دستاویز کے چلنے والے ایک غیر رجسٹرڈ ڈمپر کو ضبط کر لیا ہے۔

یہ کارروائی گلستانِ جوہر بلاک 9 میں اس وقت کی گئی جب پولیس نے ایک مشکوک ڈمپر کو روکا جو نہ تو نمبر پلیٹ کا حامل تھا نہ اس میں ٹریکر موجود تھا اور نہ ہی ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس یا قومی شناختی کارڈ پایا گیا۔

پولیس کے مطابق اے ایس او ٹریفک سیکشن گلستانِ جوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ڈرائیور کو ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں، لاپرواہی سے ڈرائیونگ اور مقررہ اوقاتِ کار سے تجاوز کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی حالت اور دستاویزات کی عدم موجودگی سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ڈمپر گزشتہ کئی برسوں سے قانون کی گرفت سے باہر چل رہا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ڈرائیور نے حیران کن انکشافات کیے۔ ٹریفک اہلکار کے متعدد بار پوچھنے کے باوجود وہ قومی شناختی کارڈ، گاڑی میں ٹریکر یا ڈرائیونگ لائسنس سے لاعلمی کا اظہار کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق ڈرائیور نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ تین سال سے بغیر کسی قانونی تقاضے کے اس نوعیت کے ڈمپر چلا رہا تھا۔

پولیس نے ڈمپر کے اصل مالک کی تلاش شروع کر دی ہے اور متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ مالک کی شناخت ہونے کے بعد اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے حالیہ رزاق آباد ٹریفک حادثے کے بعد شہر میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز پر پابندی کا اعلان کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف وہ گاڑیاں مستثنیٰ ہوں گی جن کے کنٹرول تک ٹریفک پولیس کو رسائی دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کئی ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز میں ٹریکر تو نصب ہیں لیکن مالکان نے پولیس کو ان تک رسائی فراہم نہیں کی جو ایک بڑا سیکورٹی اور حفاظتی مسئلہ ہے۔

Related Posts