کراچی کی سپر ہائی وے پر گاڑی نے اسکوٹی پر سوار دوخواتین کو ٹکر مار کر پل سے نیچے گرادیا، خوفناک حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ دوسری زخمی ہوگئی ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ شہرِ قائد کے علاقے دنبہ گوٹھ میں پیش آیا۔ ایک رپورٹ میں ریسکیو ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گای ہے کہ اسکوٹی پر سوار دونوں خواتین پیشے کے اعتبار سے ٹیچر ہیں جو کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ملازمت کرتی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیزرفتاری اور غفلت سے گاڑی چلانے کے باعث روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں حادثات میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں، بے شمار حادثات ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث ہوتے ہیں۔
حال ہی میں کراچی ٹریفک پولیس نے تین سال سے بغیر کسی قانونی دستاویز کے چلنے والے ایک غیر رجسٹرڈ ڈمپر کو ضبط کر لیا، جبکہ یہ کارروائی گلستانِ جوہر بلاک 9 میں اس وقت کی گئی جب پولیس نے ایک مشکوک ڈمپر کو روک لیا۔
مشکوک ڈمپر میں نمبر پلیٹ اور ٹریکر نہیں تھا، اور نہ ہی ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس یا قومی شناختی کارڈ پایا گیا۔
پولیس کے مطابق اے ایس او ٹریفک سیکشن گلستانِ جوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ڈرائیور کو ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں، لاپرواہی سے ڈرائیونگ اور مقررہ اوقاتِ کار سے تجاوز کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








