ٹرانسپورٹ میں انقلاب، گاڑیاں آپس میں جڑیں گی بھی، الگ بھی ہوں گی، ابوظبی کی سڑکوں پر کامیاب آزمائش

تازہ ترین

تازہ ترین

سڑک پر ماڈیولر گاڑیاں، فائل فوٹو

 ابوظہبی میں دنیا کی پہلی ماڈیولر اسمارٹ گاڑیوں کی آزمائشی سروس متعارف کرا دی گئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق یہ اعلان ‘‘DRIFTx 2025’’ کے دوران سامنے آیا، جو اس سال منعقد ہونے والے پہلے ابوظہبی آٹونومس سسٹمز ویک کا مرکزی حصہ تھا۔ اس پیش رفت کے ساتھ ابوظہبی دنیا کا پہلا شہر بن گیا ہے جس نے ماڈیولر، ذہین اور ضرورت کے مطابق جڑنے یا الگ ہونے کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں کو ایک نئی، خود مختار ٹرانسپورٹ کیٹیگری کے طور پر باضابطہ منظور کیا ہے۔

ماڈیولر گاڑیاں کیسی ہوتی ہیں؟

یہ جدید گاڑیاں NExT کمپنی نے تیار کی ہیں اور انہیں عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ انوویشن میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی بنیاد سخت سائنسی تحقیق، نیویارک اور ابوظہبی کی معروف جامعات کے مطالعات، بین الاقوامی اعزازات اور کامیاب عملی تجربات پر رکھی گئی ہے۔ اسی مضبوط بنیاد نے ثابت کیا ہے کہ یہ نظام ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، ماحولیاتی پائیداری بڑھانے اور شہری ٹرانسپورٹ میں لچک پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ماڈیولر گاڑیوں کا سب سے انوکھا پہلو یہ ہے کہ یہ مسافروں کی تعداد اور ضرورت کے مطابق اپنے یونٹس کو آپس میں جوڑ یا الگ کر سکتی ہیں۔ اس خصوصیت کے نتیجے میں سڑکوں پر رش کم ہونے، ٹریفک کی رفتار بہتر ہونے اور کاربن اخراج میں نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

آئی ٹی سی، امارات ڈرائیونگ کمپنی، لفٹینگو اور پیراڈیگما انوویشن ہب کے اشتراک سے یاس آئی لینڈ پر ان گاڑیوں کا پہلا عالمی پائلٹ آپریشن شروع کیا گیا ہے، جو ابوظہبی میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ کے ایک نئے دور کا نقطۂ آغاز سمجھا جا رہا ہے۔

صرف ٹریفک میں بہتری تک محدود نہیں، یہ ماڈیولر اسمارٹ گاڑیاں ریموٹ کنٹرول ٹیکنالوجیز اور اسمارٹ آپریٹنگ سسٹمز کی مستقبل کی ترقی میں بھی بنیادی کردار ادا کریں گی۔ آئی ٹی سی کے طویل المدتی منصوبوں میں شامل ہے کہ آنے والے برسوں میں خودکار ڈرائیونگ ایپلی کیشنز کو پورے ابوظہبی میں پھیلایا جائے، اور یہ نیا نظام اسی سفر کی پہلی مضبوط سیڑھی ثابت ہو سکتا ہے۔

Related Posts