فلسطینی اتھارٹی کی وزارتِ خارجہ کا امریکی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ کی پٹی کی مکمل ذمہ داری سنبھالنے کیلئے تیار ہے۔ غزہ مشرقی بیت المقدس کو ریاست فلسطین کا لازمی اور ناقابلِ تقسیم حصہ سمجھا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے اپنے حالیہ بیان میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کی جانب سے تیار کردہ قرارداد کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے اور بھرپور حمایت کرنے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
بیان میں وزارتِ خارجہ نے قرارداد کے تناظر میں کہا کہ عالمی برادری کا عزم فلسطین پر قبضے کے خاتمے، خودمختار فلسطینی ریاست کیلئے مشترکہ ذمہ داری کا اظہار ہے۔ مسئلہ فلسطین کا جامع حل ہی خطے اور دنیا میں امن و سلامتی لاسکتا ہے اور یہی قرارداد کا بنیادی پیغام ہے۔
ترجمان وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی نئی قرارداد تاریخ ساز پیشرفت اور غزہ میں مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا روک ٹوک رسائی کی ضامن ہے۔ قرارداد پر عملدرآمد ہی غزہ میں معمولاتِ زندگی کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کی ضمانت دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد کا نفاذ فلسطینیوں کی غزہ سے جبری بے دخلی روکنے کیلئے ضروری ہے۔ قرارداد محاصرے کے خاتمے اور مسلسل فوجی جارحیت روکنے کیلئے بھی ضروری ہے۔قابض افواج کا غزہ سے انخلا تعمیر نو، بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی اور فلسطینیوں کی باوقار زندگی کی واپسی کا ذریعہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








