انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کلاؤڈ فلیئر میں تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ سے منسلک متعدد ایپس بند ہوگئیں جن میں چیٹ جی پی ٹی اور ایکس شامل ہیں، کلاؤڈ فلیئر کمپنی کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کلاؤڈ فلیئر میں تکنیکی خرابی کے باعث مختلف ایکس (سابقہ ٹوئٹر) صارفین سمیت متعدد ایپس اور ویب سائٹس پر صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انفراسٹرکچر میں خرابی پر جاری کردہ اپنے بیان میں کلاؤڈ فلیئر کمپنی کا کہنا ہے کہ مسئلے کو حل کرنے کی کوشش جاری ہے جبکہ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کلاؤڈ فلیئر میں تکنیکی خرابی سے ایکس صارفین کو باہمی رابطوں میں مشکلات درپیش ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق کلاؤڈ فلیئر سروسز میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث دنیا بھر میں کئی اہم ویب سائٹس بھی متاثر ہوئی ہیں، صارفین چیٹ جی پی ٹی، ایکس، اسپاٹی فائی اور کینوا سمیت دیگر پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے بنیادی انفراسٹرکچر کی سکیورٹی کیلئے خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈ فلیئر نے تسلیم کیا ہے کہ صارفین کی مختلف ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز تک رسائی کلاؤڈ فلیئر سروسز میں فنی خرابی کے باعث متاثر ہورہی ہے۔
آج (منگل کو) پاکستانی وقت کے مطابق شام 4بج کر 30 منٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت انٹرنیٹ یوزرز نے بڑی تعداد میں متعدد ویب سائٹس تک اپنی رسائی نہ ہونے کی شکایات کیں اور ابتدائی طور پر یہ سمجھا گیا کہ یہ مسئلہ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی جانب سے ہے تاہم اس کی تصدیق نہ ہوسکی۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کلاؤڈ فلیئر کی سروسز میں تکنیکی خرابی کے باعث اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی، گروک، ڈیپ سیک اور دیگر مشہور پلیٹ فارمز اور اے آئی سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں، کلاؤڈ فلیئر کمپنی نے تکنیکی خرابی پر کام شروع کردیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








