وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا، صوبائی حکومت نے کالعدم انتہا پسند جماعت کے عہدیداروں کے 23ارب سے زائد کے اثاثے منجمد کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز حکومت نے کالعدم انتہا پسند جماعت سے تعلق رکھنے والے 92بینک اکاؤنٹس سمیت تمام ڈیجیٹل اکاؤنٹس منجمد کردئیے۔ انتہا پسند جماعت کے 9فنانسرز کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے۔
کالعدم انتہا پسند جماعت کے خلاف آپریشن کو ضروری قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو کومبنگ آپریشن مستقل جاری رکھنے کا بھی حکم دیا۔
انتہا پسند جماعت کے کارکنان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا۔انٹرنیٹ پر ملکی سلامتی کے خلاف مواد شیئر کرنے پر انتہا پسندوں کے خلاف 31مزید مقدمات کا اندراج بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
بریفنگ کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بتایا گیا کہ پنجاب میں مساجد اور ائمہ کرام کیلئے 61ہزار سے زائد فارم تقسیم کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں 82 ہزار ائمہ کرام کی رجسٹریشن کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








