امریکا نے 200 بھارتی شہریوں کو ملک بدر کر دیا ہے جن میں خطرناک گینگسٹر انمول بشنوئی بھی شامل ہے۔ انمول معروف گینگ لیڈر لورینس بشنوئی کا چھوٹا بھائی ہے اور بھارت میں اس کے خلاف کئی سنگین مقدمات درج ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واپس بھیجے جانے والوں میں دو ایسے ملزمان بھی شامل ہیں جو پنجاب پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ باقی 197 افراد امریکا میں بغیر قانونی دستاویزات کے رہ رہے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انمول بشنوئی سابق بھارتی وزیر بابا صدیقی کے قتل اور اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ جیسے سنگین واقعات میں نامزد ہے۔
انٹیلی جنس اداروں کے مطابق انمول نے اپریل 2022 میں جعلی پاسپورٹ کے ذریعے بھارت سے فرار اختیار کیا تھا اور اسی کے چند ہفتے بعد معروف گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کر دیا گیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ انمول اس واردات کا مرکزی منصوبہ ساز تھا۔
رپورٹس کے مطابق انمول جعلی روسی دستاویزات کے سہارے امریکا اور کینیڈا کے درمیان سفر کرتا رہا لیکن مسلسل ٹریکنگ کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ وہ بیرون ملک بیٹھ کر بھی انکرپٹڈ ایپس کے ذریعے اپنے گروہ کو ہدایات دیتا رہا اور گینگ کی کارروائیاں کنٹرول کرتا رہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








