پشاور: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 3 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پشت پناہی کے ساتھ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث 7خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے بعد 4خوارج جہنم واصل کردئیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور کارروائی ضلع لکی مروت میں کی گئی جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اور اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔ ضلع ٹانک میں بھی ایک اور جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک اورخارجی کو ہلاک کردیا۔
آپریشنز کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز بھی کیے۔ فورسز کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور فورسز عزم و استحکام کے ویژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کا مشن جاری رکھیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








