دبئی ایئر شو 2025 کے دوران پاکستان کے جدید لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر نے نمایاں توجہ حاصل کی، جہاں ایک دوست ملک نے اس طیارے کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی پذیرائی اور اس کے ہوابازی کے شعبے میں عالمی اعتماد کا واضح ثبوت قرار دی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دبئی ایئر شو کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں کیں، جن میں مختلف دوست ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان شامل تھے۔
ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، تربیتی شراکت داری، جدید ایروسپیس ٹیکنالوجی میں اشتراک اور آپریشنل ہم آہنگی کے مؤثر طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی جدید کاری کے اقدامات اور اس کی قومی صلاحیتوں میں ہونے والی پیش رفت کو بھرپور انداز میں سراہا۔
یو اے ای کے اعلیٰ عسکری حکام نے مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تعاون اور مستقبل کو مدنظر رکھ کر بنائی جانے والی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کا ایک خصوصی دستہ دبئی ایئر شو میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ چکا ہے جس میں جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری اور سپر مشاق تربیتی طیارہ شامل ہیں۔
یہ دونوں جہاز پاکستان کی بڑھتی ہوئی فضائی صلاحیتوں اور دفاعی انجینئرنگ کے اعلیٰ معیار کی واضح علامت کے طور پر پیش کیے گئے۔
ایئر شو کے دوران جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ دفاعی ماہرین، ایوی ایشن تجزیہ کاروں اور فضائی قوت میں دلچسپی رکھنے والوں نے اس جہاز کی جدید ٹیکنالوجی، مضبوط جنگی صلاحیت اور بہترین عملی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔ ان خصوصیات نے جے ایف 17 کو ایک قابل اعتماد، مؤثر اور کم لاگت ملٹی رول لڑاکا طیارہ ثابت کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے جے ایف 17 میں بڑھتی ہوئی دلچسپی پاکستان کی دفاعی صنعت پر قائم ہونے والے اعتماد کی ایک مضبوط دلیل ہے اور یہ پیش رفت مستقبل میں پاکستان کے دفاعی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








