دھوپ ملے گی نہ گرمائش! الاسکا 64 دن کیلئے سورج سے محروم، اب یہ شہر روشنی کی کرن کیسے دیکھے گا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Alaska city won't see the sun for the next 64 days
ONLINE

الاسکا کے انتہائی شمالی شہر اُتقیاغوِک میں رواں سال کا آخری سورج غروب ہو چکا ہے اور اب یہ امریکی بستی 64 دن تک سورج کی روشنی سے محروم رہے گی۔

آرکٹک سرکل میں شروع ہونے والی قطبی رات کے باعث 22 جنوری 2026 تک سورج افق سے اوپر نہیں آئے گا تاہم شہر مکمل اندھیرے میں نہیں ڈوبے گا بلکہ ہر روز چند گھنٹے سیول ٹوائِلائٹ نامی ہلکی نیلی روشنی کا مشاہدہ ہوگا، جو عام طور پر فجر سے قبل دکھائی دیتی ہے۔

زمین کے محوری جھکاؤ کے باعث اس عرصے میں سورج کی کرنیں اُتقیاغوِک تک نہیں پہنچ پاتیں۔ یہ شہر فیئربینکس سے تقریباً 500 میل شمال مغرب میں واقع ہے اور یہاں کی آبادی تقریباً 4400 نفوس پر مشتمل ہے، جبکہ اس کے علاقے میں ایسے آثار بھی موجود ہیں جن کی تاریخ 500 عیسوی تک جاتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل 18 نومبر کو سورج غروب ہونے کے بعد اب تقریباً دو ماہ تک شہر اندھیری سردیوں سے گزرے گا۔ سورج کی روشنی اور روزانہ کی حرارت نہ ملنے کی وجہ سے آرکٹک سرکل میں درجہ حرارت شدید حد تک گر جاتا ہے جس کے نتیجے میں موسم انتہائی سرد ہو جاتا ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق قطبی رات کا یہ موسم قطبی بھنور کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سورج کی غیر موجودگی میں ٹروپوسفیئر کے اوپر موجود اس خطے کی فضا نہایت سرد ہو جاتی ہے۔

کبھی کبھار یہ برفانی ہوائیں اسٹریٹوسفیئر سے نیچے آ کر امریکا کے دیگر حصوں تک بھی پھیل جاتی ہیں جس سے برف باری اور سخت سردی کی لہریں پیدا ہوتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں اُتقیاغوِک میں سردیوں کے 60 سے زائد دن تاریکی میں گزرتے ہیں، وہیں گرمیاں اس کے بالکل برعکس ہوتی ہیں۔

گرمیوں میں یہاں تقریباً تین ماہ تک سورج مسلسل چمکتا رہتا ہے اور شہر 84 دن تک مکمل روشنی میں ڈوبا رہتا ہے۔ اس دوران یہ امریکا کی سب سے شمالی امریکن فٹبال ٹیم بیرو ہائی اسکول کی میزبانی بھی کرتا ہے۔

شہر میں اگلا طلوعِ آفتاب 26 جنوری 2026 کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1:23 بجے متوقع ہے، جس کے ساتھ ہی تاریکی کے اس طویل دور کا اختتام ہو جائے گا۔

Related Posts