بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں امن کمیٹی کے سربراہ عبدالجلیل کے کزن سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے تھانہ ہوید کی حدود میں واقع امن کمیٹی کے دفتر کو نشانہ بناتے ہوئے 7افراد کو قتل جبکہ 2 کو زخمی کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح دہشت گرد کمیٹی کے سربراہ قاری عبدالجلیل کے دفتر کو نشانہ بنانے کے بعد فرار ہو گئے۔ ۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ علاقے میں حفاظتی انتظامات سخت کردئیے گئے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملک دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں اور اس قسم کے واقعات کی اطلاع پولیس کو دیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد کے علاقے ملک پور کی کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ہوا، افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15ہوگئی ہے۔
کمشنر فیصل آباد راجا جہانگیر انور نے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 7 افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران راجا جہانگیر انور نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا، زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے ملحقہ گھروں کے رہاشیوں کا ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








