بنگلہ دیش: ڈھاکہ میں 5.7شدت کا زلزلہ، میچ روک دیا گیا، کتنے افراد جاں بحق؟ مکمل تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

بنگلہ دیش میں زلزلہ
(فوٹو: آج نیوز)

بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں 5.7شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق جبکہ 50زخمی ہو گئے ہیں۔ زلزلے کے باعث بنگلہ دیش کا آئرلینڈ سے جاری میچ کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بنگلادیش اور آئرلینڈ کے درمیان میچ جاری تھا کہ اس دوران زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں کھلاڑی خوفزدہ ہوگئے۔

زلزلے کے جھٹکوں کے باعث میچ کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا، تاہم اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑی اور شائقین محفوظ رہے، صورتحال معمول پر آنے کے بعد میچ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

زلزلہ کہاں آیا؟

ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں زلزلہ نرسنگدی شہر کے قریب آیا جس کی شدت 5.7 رہی۔ جرمن ریسرچ سینٹر برائے جیو سائنسز (جی ایف زیڈ) کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے 10کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک کے مشرقی حصوں میں بھی محسوس کیے گئے، جبکہ نرسنگدی، دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 40 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔

زلزلے سے جانی نقصان

رہائشیوں نے بتایا کہ جھٹکوں کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کچھ کمزور عمارتیں گر گئیں۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس میں دکھایا گیا کہ لوگ بچوں اور بزرگوں کو اٹھا کر محفوظ مقامات پر لے جا رہے تھے۔اب تک تین افراد جاں بحق اور 50 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں زلزلے کے جھٹکے تقریباً 10بج کر 38 منٹ پر 56ویں اوور کے دورا ن محسوس کیے گئے۔ 5منزالہ میڈیا سینٹر کے کئی افراد خوف کے باعث عمارت سے باہر نکل آئے تھے۔

Related Posts