پاکستان ریلوے نے جمعہ کے روز 125-اپ اور 126-ڈاؤن لاثانی ایکسپریس کی جدید اور اپ گریڈ شدہ بوگیوں کا افتتاح کیا، جس کے ساتھ لاہور–نارووال–سیالکوٹ ریلوے روٹ پر بہتر معیار کی مسافر کوچز متعارف کرا دی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل یوسف خان نے کہا کہ یہ اپ گریڈ وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی کی ہدایات کے تحت ریلویز کے آپریشنز کو جدید بنانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔، جس سے مسافروں کو زیادہ محفوظ، آرام دہ اور بہتر معیار کی سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔
ایڈیشنل جنرل منیجر یوسف خان نے کہا کہ لاہور اور سیالکوٹ کے درمیان سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو اپنی نئی کوچز سے روزانہ کی بنیاد پر فائدہ ہوگا۔ پاکستان ریلوے آئندہ چند ماہ میں دیگر ٹرینوں کو بھی اپ گریڈ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جو محکمے کی مجموعی بہتری کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
تقریب کے بعد اے جی ایم یوسف خان نے اَپ گریڈ شدہ ریک کا معائنہ کیا اور مسافروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ آن بورڈ سروس کو مزید بہتر بنایا جائے، نشستوں کو زیادہ آرام دہ بنایا جائے اور صفائی کے معیار کو سختی سے برقرار رکھا جائے۔ افتتاحی تقریب میں ریلوے افسران، عملے اور مسافروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








