پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ ختم، پانی کی فراہمی بحال ہوگئی۔ واٹر بورڈ

تازہ ترین

تازہ ترین

واٹر بورڈ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) نے کہا ہے کہ پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ سے متعلق مسائل حل کر لیے گئے جبکہ شہر بھر میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے 2 روز قبل لوڈ شیڈنگ کے باعث کراچی کے واٹر پمپنگ اسٹیشنز متاثر ہوئے اور شہریوں کو پانی کے بد ترین بحران کا سامنا رہا۔ آج جاری کردہ بیان میں کے ڈبلیو ایس سی کا کہنا ہے کہ پانی کی فراہمی کی بحالی کیلئے کے الیکٹرک کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا گیا تھا۔

بیان میں واٹر بورڈ نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کی خدمات معمول کے مطابق ہیں۔ آئندہ فراہمی آب کا نظام مزید مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ شہر کو بجلی میں خلل کے باعث 884ملین گیلین پانی کی مجموعی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ نومبر 2024 میں کراچی میں پانی کا بحران شدید ہوگیا ، طویل دورانیے کی بجلی کی بندش کے نتیجے میں پمپنگ کا عمل بھی متاثر ہوا۔ سب سے زیادہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 132 گھنٹے 20 منٹ کی لوڈشیڈنگ سے 424 ملین گیلن پانی کی قلت ہوئی۔

اسی طرح ڈملوٹی میں 146 گھنٹے بجلی کی بندش سے 111 ملین گیلن پانی ضائع ہوگیا۔ نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن میں 335 ملین گیلن پانی کی کمی ریکارڈ ہوئی جبکہ نسبتاً چھوٹے اسٹیشنز میں نقصان کم ہوا۔ ہب اور پپری اسٹیشنز میں 6 ملین گیلن اور گھارو اسٹیشن میں 2 ملین گیلن کی کمی واقع ہوئی۔

Related Posts