امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 میں سے 5جنگیں رکوانے کے پوشیدہ راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ٹیرف اور سرمایہ کاری کے ذریعے غیر ملکی سرزمینوں سے کھربوں ڈالر حاصل کر رہے ہیں، میں نے 8میں سے 5جنگیں تو براہِ راست ٹیرف کی وجہ سے ہی روک لی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ امریکا اپنے معاشی اقدامات کی بدولت دنیا میں پہلے سے زیادہ مستحکم اور باوقار ہوا ہے۔
پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا بیرونی ممالک سے ٹیرف اور سرمایہ کاری کی مد میں کھربوں ڈالر کے حصول میں کامیاب رہا اور یہی وہ معاشی اقدامات ہیں جن کی بدولت امریکا کو دنیا میں پہلے سے زیادہ استحکام اور وقار حاصل ہوا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے 8 میں سے 5 جنگیں صرف ٹیرف لگانے کی دھمکی دے کر رکوا دیں اور ان پالیسیوں سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر کشیدگی کم ہوئی بلکہ امریکی معیشت کو بھی فوائد حاصل ہوئے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں افراطِ زر نہ ہونے کے براہر رہ گئی ہے جبکہ سابق صدر جوبائیڈن کے دور میں ملکی تاریخ کی بد ترین مہنگائی ہوئی، جبکہ امریکی اسٹاک مارکیٹ 9 ماہ میں 48ویں بار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








