خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں صبح تقریباً 8 بج کر 10 منٹ پر فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کا خودکش حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ حملے کے بعد سنہری مسجد روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی اور گاڑیوں کو صدر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا۔
خیبرپختونخوا پولیس کے آئی جی ذوالفقار حمید کے مطابق دو دھماکے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں ہوئے، ایک مین گیٹ پر اور دوسرا موٹرسائیکل اسٹینڈ کے قریب۔ تین حملہ آوروں نے خودکش دھماکے کیے جن میں سے ایک مین گیٹ پر اور دو اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایف سی کے جوانوں نے بہادری سے فائرنگ کے تبادلے میں تینوں دہشتگرد مار دیئے۔
ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال نے بتایا کہ حملے میں تین اہلکار شہید اور پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں دو ایف سی اہلکار اور تین شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت فی الحال تسلی بخش بتائی گئی ہے۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس اور دیگر فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر موجود ہے۔ شہر میں بی آر ٹی سروس بند کر دی گئی جبکہ کینٹ روڈ اور ملحقہ راستے عوام کے لیے بند کر دیے گئے۔
ایف سی کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے حملہ ناکام ہوا اور فائرنگ کی آوازیں رک گئی ہیں تاہم آپریشن ابھی جاری ہے اور علاقے میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








