آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپس وپاک بھارت مقابلے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جس سے قبل از وقت جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے تاہم آئی سی سی مکمل شیڈول 25 نومبر کو جاری کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس عالمی مقابلے میں کل 20 ٹیمیں شریک ہوں گی جو چار گروپس میں تقسیم ہوں گی، ہر گروپ میں پانچ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ہر گروپ کی پہلی دو ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے اور دونوں روایتی حریف 15 فروری کو کولمبو میں ایک دوسرے کے مقابل آئیں گے۔ امکان ہے کہ اس گروپ میں نیدرلینڈز، نمیبیا اور امریکا بھی شامل ہوں۔
میزبان سری لنکا اپنے گروپ میں آسٹریلیا، زمبابوے، آئرلینڈ اور عمان کے ساتھ کھیلیں گے۔ ایک اور گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، نیپال اور اٹلی کے شامل ہونے کا امکان ہے۔
بقیہ گروپ میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا شامل ہو سکتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا۔ بھارت میں میچز ممبئی، کولکتہ، چنئی، دہلی اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے جبکہ سری لنکا میں کولمبو اور کنڈی میں میچز ہوں گے۔
پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔ فائنل کے لیے احمد آباد منتخب کیا گیا ہے لیکن اگر پاکستان فائنل تک پہنچتا ہے تو فائنل کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔
سیمی فائنل کے لیے ممبئی اور کولکتہ منتخب کیے گئے ہیں جبکہ سیمی فائنل کے درست مقام کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ کون سی ٹیمیں کوالیفائی کرتی ہیں اور اگر پاکستان کوالیفائی کرے تو ان کا سیمی فائنل سری لنکا میں ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








