پاکستان کے دورے پر آئے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے الگ الگ ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تفصیلی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور اسٹریٹجک فوجی تعاون کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔
انہوں نے دفاعی، سیکورٹی تعاون اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مزید وسعت کی اہمیت پر بھی زور دیا، سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ متعدد شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور تعاون کے مضبوط رشتوں کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے یادگار شہدا پر پھول رکھے جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بھی سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے جنرل الرویلی کا خیرمقدم کیا اور برادر مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ عقیدے یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








