اسلام آباد: آسٹریلین حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کے عمل کو آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اب اہل امیدوار خصوصی موبائل ایپ کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کی تفصیلات اور چہرے کی بائیومیٹرک معلومات براہِ راست اپنے اسمارٹ فون سے جمع کر سکتے ہیں۔
آسٹریلین ہائی کمشنر ٹم کین نے کہا کہ یہ سہولت اہل درخواست گزاروں کو ویزا حاصل کرنے میں آسانی فراہم کرے گی اور انہیں دور دراز کے مراکز تک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
درخواست گزار صرف اسی صورت ایپ استعمال کر سکتے ہیں جب ان کے پاس بائیومیٹرک معلومات جمع کرنے کے لیے جاری کردہ خط موجود ہو جس میں ویزا درخواست نمبر AUI یا AUH سے شروع ہوتا ہو۔ جن درخواست گزاروں کے ویزا نمبر میں یہ پری فکس نہیں ہے، انہیں اب بھی بایومیٹرک جمع کرنے کے مراکز جانا ہوگا۔
ایپ کے استعمال کے لیے مستحکم انٹرنیٹ کنکشن اور این ایف سی فعال اسمارٹ فون ضروری ہے۔ صارفین کو ایپ کو کیمرہ اور مقام کی رسائی کی اجازت دینی ہوگی تاکہ معلومات درست طریقے سے جمع ہو سکیں۔
یہ اقدام پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کے عمل کو آسان، تیز اور جدید ٹیکنالوجی کے مطابق بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








