بابری مسجد پر ’رام مندر‘ کا جھنڈا لہرانے پر پاکستان کا سخت اظہارِ تشویش

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan voices concern over ‘Ram Temple’ flag hoisting at Babri Mosque
ONLINE

پاکستان نے ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ تعمیر کیے گئے نام نہاد ’رام مندر‘ پر جھنڈا لہرانے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں بڑھتی اسلاموفوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور مذہبی منافرت پر مبنی حملوں کا نوٹس لیا جائے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے آج جاری کیے گئے باضابطہ بیان میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اقوام متحدہ اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اسلامی ورثے کے تحفظ اور تمام اقلیتوں کے مذہبی و ثقافتی حقوق کی حفاظت کے لیے عملی کردار ادا کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ حکومتِ ہندوستان اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور تمام مذہبی برادریوں خصوصاً مسلمانوں کی سیکورٹی اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے جو کہ عالمی انسانی حقوق کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔

پاکستان نے اس بات پر گہری تشویش ظاہر کی کہ ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ بنائے گئے رام مندر پر جھنڈا لہرانا نہ صرف اشتعال انگیز عمل ہے بلکہ اس واقعے نے ایک بار پھر بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی رویے کو واضح کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ نے یاد دلایا کہ بابری مسجد، جو صدیوں پر محیط ایک مقدس عبادت گاہ تھی، 6 دسمبر 1992 کو انتہاپسند ہجوم کے ہاتھوں شہید کر دی گئی تھی جبکہ بھارتی عدالتی عمل نے نہ صرف ملزمان کو بری کیا بلکہ انہی کے حق میں مندر کی تعمیر کی اجازت بھی دی جو بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ریاستی سطح پر ہونے والے امتیاز کا کھلا ثبوت ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ عمل بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر بڑھتے دباؤ اور مسلم ثقافتی و مذہبی ورثے کو مٹانے کی منظم کوششوں کا حصہ ہے، جو اکثریتی ہندوتوا نظریے کے بڑھتے اثرات کے سبب سامنے آ رہی ہیں۔

دفتر خارجہ نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ بھارت کی متعدد تاریخی مساجد کو توہین، حملوں یا مسماری کے خطرات لاحق ہیں جبکہ بھارتی مسلمان سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر بڑھتی ہوئی محرومی اور دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مذہبی بنیادوں پر ہونے والی ناانصافیوں کا سختی سے نوٹس لے اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر قدم اٹھائے۔

Related Posts