کراچی سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، ملزم مقتولہ کا جاننے والا نکلا

تازہ ترین

تازہ ترین

گرفتار
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے علاقے بوٹ بیسن سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمدگی سے متعلق کیس میں ملزم مقتولہ کا جاننے والا نکلا، جس نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے لرزہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے ٹیکنیکل ٹریسنگ کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ مقتولہ کی تشدد زدہ نیم برہنہ لاش 25نومبر کو کلفٹن کے بلاک 2 میں چائنہ پورٹ کے علاقے سے ملی تھی۔ خاتون لاش برآمدگی سے 3 روز قبل گھر سے کام سے نکلی اور پھر کبھی گھر واپس نہ پہنچ سکی۔

ایس ایچ او بوٹ بیسن انسپکٹر سیؔد راشد علی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت احتشام ولد صادق کے نام سے ہوئی ہے جس نے انچاس سالہ خاتون شہناز مسیح زوجہ ارشد گِل کو بد ترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سر پر بلاک کے وار کرکے قتل کیا جس کی شناخت مٹانے کیلئے چہرے پر بھی بلاک مارے۔

ملزم نے خاتون کی لاش مسخ کرکے چائنہ پورٹ کے علاقے میں اتوار بازار کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دی، اور فرار ہوگیا، جبکہ مقتولہ شہناز مسیح بلدیہ ٹاؤن مدینہ کالونی میں رہائش پذیر تھی اور قاتل کو پہلے سے جانتی تھی۔ ملزم نے رقم کی لین دین کے تنازعے پر خاتون کو قتل کیا جو کہ اختر کالونی کا رہائشی ہے۔

ملزم احتشام کا آبائی تعلق اٹک سے ہے جس کے قبضے سے مقتولہ کا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقتولہ کے بیٹے عادل کی مدعیت میں بوٹ بیسن تھانے میں درج کرلیا گیا۔ بیٹے کے علاوہ خاتون کی ایک بیٹی بھی ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts