ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میچ میں مہمان ٹیم سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 115 رنز کا ہدف دے دیا۔ پوری ٹیم 114رنز بنا کر 20ویں اوور کے اختتام سے قبل ہی پویلین لوٹ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے فائنل میچ سے قبل ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب اوپنر پتھم نسانکا 7گیندوں پر 11 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
بعد ازاں اوپنر بیٹر کامل مشارا نے ٹیم کو سہارا دیا، تاہم وکٹ کیپر بیٹر کسال مینڈس 84 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ کسال مینڈس نے 18گیندوں پر 14رنز بنائے جن کا کیچ بابر اعظم نے محمد نواز کی گیند پر پکڑا۔
سری لنکن ٹیم کی تیسری وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری جب جم کر کھیلنے والے سری لنکا کے واحد کھلاڑی کامل مشارا 47گیندوں پر 59رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی چوتھی وکٹ 103، پانچویں وکٹ 104 جبکہ چھٹی وکٹ 105کے مجموعی اسکور پر گری۔
وکٹس گرنے کا یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہا جب 111 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی ساتویں اور آٹھویں وکٹ بھی گر گئی جبکہ نویں اور دسویں وکٹ 113اور 114 کے مجموعی اسکور پر گری۔ سری لنکا کے ٹاپ اسکوررز میں 59اسکورز کے ساتھ کامل مشارا، 14کے اسکور کے ساتھ وکٹ کیپر بیٹر کسال مینڈس اور 11 کے اسکور کے ساتھ اوپنر بیٹر پتھم نسانکا رہے۔
ٹاپ 3 اسکوررز کے علاوہ سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز تک نہ پہنچ سکا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد نواز نے 3، 3 وکٹس لیں، ابرار احمد نے 2 جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








