پنجاب کے شہر جھنگ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سابق صدر بار سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ جھنگ کے علاقے گوجرہ روڈ کے قریب پیش آیا۔ آئی جی پنجاب نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے جس میں سابق صدر بار منیر سدھانہ کو نشانہ بنایا گیا۔
مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں سابق صدر بار اور ان کا ڈرائیور جاں بحق جبکہ 2 راہگیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے 1 جانبر نہ ہوسکا جبکہ دوسرے کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
جھنگ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ محسوس ہوتا ہے، ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا عندیہ دیا جبکہ وکلاء برادری نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی صاف و شفاف تحقیقات اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








