کراچی میں بڑی پولیس کارروائی، پنجاب کا بدنام زمانہ کار لفٹر مقابلے میں ڈھیر

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

پنجاب کے ضلع لیہ کا بدنام زمانہ کار لفٹر خالد حسین کراچی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔

ملزم کے خلاف پنجاب اور کراچی کے مختلف اضلاع میں کار چوری، موٹر سائیکل چوری اور دیگر سنگین جرائم سمیت 50 سے زائد مقدمات درج تھے۔

خالد حسین، جس نے پنجاب کے کئی اضلاع میں کار اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ کر رکھا تھا، بالآخر کراچی میں اے وی ایل سی پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق کراچی منتقل ہونے کے بعد بھی وہ جرائم میں ملوث رہا اور شہر میں متعدد وارداتیں کیں۔

حکام نے بتایا کہ ملزم لیہ کا رہائشی تھا اور اس کے خلاف لیہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، راجن پور، بہاولپور، فیصل آباد، لاہور اور رحیم یار خان سمیت مختلف اضلاع میں 50 سے زائد مقدمات درج تھے۔ اسے کئی بار گرفتار کرکے جیل بھی بھیجا گیا تھا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ کراچی کے تھانوں پاپوش، شاہ فیصل، الفلاح، عزیز بھٹی، بغدادی اور سائٹ اے میں بھی اس کے خلاف مقدمات موجود تھے۔ وہ کار اور موٹر سائیکل چوری میں انتہائی مہارت رکھتا تھا۔

پولیس کے مطابق شیر شاہ سے چوری کی گئی کار، جو اس کی آخری واردات تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ مقابلے کے بعد ملزم سے یہی گاڑی اور اسلحہ برآمد ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خالد حسین کی ہلاکت کراچی میں کار لفٹنگ گروہوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے، کیونکہ وہ درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا اور شہر میں گاڑیوں کی چوری میں اضافے کا اہم کردار سمجھا جاتا تھا۔

Related Posts