گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عہدے سے ہٹائے جانے کی خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کی تبدیلی پر پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا، قبول کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر کی تبدیلی کے بارے میں کچھ نہیں جانتا، اگر میڈیا ہی گورنر لگائے گا تو پھر اللہ حافظ ہے۔
گفتگو کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی کا جو فیصلہ ہو، مجھے منظور ہوگا۔
یاد رہے کہ میڈیا کے بعض حلقے اس افواہ کو ہوا دے رہے ہیں کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو عہدے سے جلد ہٹا دیا جائے گا، ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ نئے گورنر کیلئے وفاقی حکومت 6 ناموں پر غور بھی کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی کی جگہ گورنر بنائے جانے کیلئے جو 6نام زیر غور ہیں، ان میں سے 3 سیاسی شخصیات اور 3 سابق فوجی افسران شامل ہیں جن میں امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیرپاؤ اور پرویز خٹک قابلِ ذکر نام ہیں۔
اسی طرح سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے، تاہم موجودہ گورنر نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








