وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ملک دشمن عناصر سے روابط اور گٹھ جوڑ پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔
پریس کانفرس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پھیلائی جانے والی افواہیں ایک منظم سازش کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ریاستی اداروں کو کمزور کرنا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں کو سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ ان کے مطابق افغانستان سے دراندازی روکنے کے لیے فوج بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے، تاہم خیبر پختونخوا حکومت کی کمزور کارکردگی کے باعث سرحد پار سے دراندازی میں اضافہ ہورہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے خیبرپختونخوا حکومت پر الزام لگایا کہ وہ مافیاز کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، پہاڑ کاٹے جا رہے ہیں، اور حکومت اسمگلنگ اور غیرقانونی مائننگ روکنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی میں سیاست اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ موجود ہے اور آج بھی وہاں افغان طالبان کی حمایت میں بیانات سامنے آ رہے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کی ذہنیت ملک مخالف ہے اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا ان کی سیاست کا حصہ بن چکا ہے، بھارتی چینلز پر جاکرپاکستان کے خلاف انٹرویوز دینے والوں کو شرم آنی چاہیے، کیا نورین خان نیازی نے بھارتی چینل پر کشمیر اور پاکستان کی طرف سے 7 بھارتی طیارے گرانے کی بات کی؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی 3 بہنیں 9 مئی کو کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں اور کیمروں میں بھی یہ واضح طور پر نظر آئیں۔ اب وہ بھارتی چینلز پر جا کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق 9 مئی کے واقعات فوج کو اندر سے کمزور کرنے کی سازش تھے اور اس کے تمام تانے بانے اب سامنے آ چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








