خلیجی عرب ملک بحرین میں رہائش اختیار کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے زبردست خوشخبری آگئی۔
رہائشی قوانین میں نرمی کرتے ہوئے بحرین نے گولڈن ویزا کے لیے کم از کم سرمایہ کاری کی شرط میں 35 فیصد کمی کر دی ہے۔
بحرین کی وزارتِ داخلہ کے ماتحت نیشنلٹی، پاسپورٹس اینڈ ریزیڈنس افیئرز نے بتایا کہ ملک میں سرمایہ کاری کی حد 2 لاکھ بحرینی دینار سے کم کرکے ایک لاکھ 30 ہزار بحرینی دینار کر دی گئی ہے۔
اب وہ افراد جن کے پاس کم از کم ایک لاکھ 30 ہزار بحرینی دینار مالیت کی جائیداد موجود ہے، اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گے۔ واضح رہے کہ گولڈن ریزیڈنسی ویزا مختلف اقسام کے افراد کے لیے دستیاب ہے۔
ان میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کار، وہ پروفیشنلز جن کی ماہانہ آمدنی کم از کم 2 ہزار بحرینی دینار ہو، وہ ریٹائرڈ افراد جنہوں نے بحرین میں 15 سال کام کیا ہو اور غیرمقیم ریٹائرڈ افراد شامل ہیں جن کی پنشن 4 ہزار بحرینی دینار یا اس سے زیادہ ہو۔
درخواست گزاروں کو اپنی درخواست وزارت کے پورٹل کے ذریعے جمع کرانی ہوگی۔
درخواست کے ساتھ پاسپورٹ، بینک اسٹیٹمنٹ (چھ ماہ)، ہیلتھ انشورنس اور رہائش کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ درخواست فیس 5 بحرینی دینار ہے۔ گولڈن ویزا ہولڈرز کو ملک میں کہیں بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








