یورپی یونین: پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے 30 لاکھ یورو کی ہنگامی امداد کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

یورپی یونین

دنیا کے 27متمول ممالک پر مشتمل یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب متأثرین کیلئے 30 لاکھ یورو کی اضافی ہنگامی امداد کا اعلان کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سرکردگی میں یورپی یونین کی ہنگامی امداد پنجاب کے اُن علاقوں پر خرچ ہوگی جو حالیہ مون سون بارشوں کے دوران بد ترین تباہ حالی کا شکار ہوئے۔ یورپی یونین یہ امداد نقد معاونت کی صورت میں فراہم کرے گی، جس کا مقصد شدید متأثرہ افراد کی بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر کے دوران بھی یورپی یونین نے پاکستان کو 10 لاکھ 50ہزار یورو کی امداد فراہم کی جو صحت، صاف پانی، صفائی اور دیگر ضروری خدمات پر خرچ ہوئی۔ رواں برس مون سون کی بارشوں سے ملک بھر میں متأثر ہونے والے افراد کی تعداد 70 لاکھ کے لگ بھگ جبکہ بے گھر ہونے والوں کی تعداد کا تخمینہ 29لاکھ سے زائد لگایا گیا ہے۔

سیلابی ریلوں سے ہونے والی اموات 1000 سے زائد رہیں جبکہ 2لاکھ سے زائد گھروں سمیت زرعی اراضی اور فصلوں کو پہنچنے والا نقصان اس کے علاوہ ہے۔ یورپی یونین حکام کے مطابق رواں سال مون سون سیزن پاکستان کیلئے انتہائی تباہ کن رہا جسے پنجاب کی گزشتہ 40 سال کی بد ترین سیلابی صورتحال سے تعبیر کیا جارہا ہے۔

صوبے کے مختلف شہروں میں گھربار، مال و اسباب، فصلیں اور مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے دی جانے والی امداد عالمی سطح پر پاکستان سے یکجہتی کا اظہار ہے جو متأثرہ خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہمیت کی حامل ہے۔

Related Posts