سندھ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کا نام جوڈیشل کمشین آف پاکستان کے اہم اجلاس کے دوران سامنے آگیا، جس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقرری سے متعلق مشاورت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کیلئے 3 سینئر ججز کے نام زیرِ غور آئے۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں شریک ملک کی سینئر ترین عدلیہ قیادت نے مشاورت کے بعد سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے جسٹس ظفر راجپوت کے نام کی منظوری دے دی۔ آئینِ پاکستان کے تحت اعلیٰ عدلیہ جوڈیشل کمیشن کی سفارش اور پارلیمانی کمیٹی کی توثیق سے تقرریاں کرتی ہے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نئے چیف جسٹس کی نامزدگی کی سفارش صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بھجوائے گا، جس کے بعد تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارش کے عین مطابق جسٹس ظفر راجپوت ہی سندھ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے۔
دوسری جانب جوڈیشل کمیشن اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو مستقل کردیا گیا ہے جو اس سے قبل عارضی جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔اس کے علاوہ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے 3 سینئر ججز کے ناموں پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن نے مشاورت کے بعد جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری دے دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








