کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں اسٹریٹ کرائم کے ستائے شہری اس وقت بھڑک اٹھے جب ڈاکو نے مزاحمت پر شہری کو گولی مار کر قتل کردیا جس پر اہل محلہ نے متحد ہو کر ڈاکو کو پکڑ لیا اور کھمبے سے باندھ دیا۔ جرائم پیشہ افراد سے تنگ آئے شہریوں نے ڈاکو کو موقع پر ہی سزا سناتے ہوئے نذر آتش کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگتے ہی ڈاکو خود کو کھولنے کی کوشش کرتا رہا مگر ناکام رہا اور شدید جھلس جانے کے بعد اس نے اپنی قمیض بھی اتار دی مگر لوگ مشتعل رہے۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کوشش کی تاکہ ڈاکو کو زندہ بچایا جا سکے تاہم ڈاکو بری طرح زخمی ہو چکا تھا۔پولیس کے مطابق اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
مشتعل ہجوم کے ہاتھوں جلائے جانے والے ڈاکو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جبکہ پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سخت کشیدگی برقرار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








