پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کا منیجر اور مینٹور نامزد کر دیا ہے، سابق کپتان نے اپنے نئے منصب کا آغاز ایک نئے اور پُرعزم انداز میں کیا ہے، اس سلسلے میں ایکس پر ان کی دلچسپ پوسٹ وائرل ہوگئی۔
ایکس پر اپنے نئے منصب کی ذمے داریاں سنبھالنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سرفراز احمد نے پوسٹ کی، جس میں لکھا کہ “شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان اور نہایت کریم ہے۔” ساتھ ہی انہوں نے دعا کی ایموجی شیئر کی۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ نئی ذمے داریوں کی کامیابی سے ادائی کیلئے دعا کریں۔
شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا نہایت مہربان اور کریم ہے 🤲🤲
— Sarfaraz Ahmed (@SarfarazA_54) December 2, 2025
سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت چکی ہے، انڈر 19 ورلڈ کپ کا اعزاز سمیٹ چکی ہے اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ٹرافی اٹھا چکی ہے۔ اب وہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے ایک نئی ذمہ داری کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔
ادھر انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے فرحان یوسف کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ 12 سے 21 دسمبر تک دبئی میں شیڈول ہے، جہاں پاکستان گروپ ’اے‘ میں بھارت، کوالیفائر 1 اور کوالیفائر 3 کے ساتھ شامل ہے۔ قومی ٹیم 12 دسمبر کو کوالیفائر 3 کے خلاف اور 14 دسمبر کو بھارت کے مقابل میدان میں اترے گی۔ دونوں میچز آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے جائیں گے۔
اس اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی یہ ہیں: عثمان خان (نائب کپتان)، عبدالسبحان، احمد حسین، علی حسن بلوچ، علی رضا، دانیال علی خان، حمزہ ظہور، حذیفہ احسن، مومن قمر، محمد حذیفہ، محمد صیّام، محمد شایان، نقاب شفیق اور سمیر منہاس۔
سرفراز کی آمد سے ٹیم مینجمنٹ میں ایک نیا رنگ اور نئی روح سمجھی جا رہی ہے، اور شائقین کو نوجوان کرکٹرز سے بھرپور کارکردگی کی امید ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








