وزارتِ خزانہ نے گیارہواں این ایف سی اجلاس آج طلب کرلیا جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔ اجلاس کا باضابطہ ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گیارہویں این ایف سی اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے خزانہ کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے نامزد اراکین بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس کے دوران وفاق کی مالی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، جو وفاقی سیکریٹری خزانہ پیش کریں گے۔
گیارہویں این ایف سی اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزارتِ خزانہ اپنی معاشی حیثیت سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔اجلاس کیلئے طے کردہ ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے کہ صوبے اپنی اپنی مالی پوزیشن واضح کرنے کیلئے الگ الگ 10، 10 منٹ کی بریفنگ دیں گے۔
بعد ازاں آئندہ این ایف سی اجلاسوں کا شیڈول اور ٹائم لائنز بھی طے کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ این ایف سی اجلاس میں صوبوں کے خیالات پورے احترام کے ساتھ سنے جائیں گے اور وفاق اپنی مالی صورتحال کھل کر سامنے رکھے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ تمام فریق پاکستان فرسٹ کے جذبے کے ساتھ این ایف سی ایوارڈ اجلاس کے دوران کی جانے والی گفتگو میں حصہ لیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








